اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات آج، رہنماؤں کی فہرست جاری

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات آج، رہنماؤں کی فہرست جاری

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے آج ملاقات کا دن مقرر ہے، جس کے لیے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ شہر بھر میں دفعہ 144 بھی نافذ العمل ہے۔

پی ٹی آئی کے کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجہ کی جانب سے گزشتہ روز جیل حکام کو چھ افراد پر مشتمل ملاقات کرنے والوں کی فہرست بھجوائی گئی تھی۔ اس فہرست کی منظوری کے بعد نامزد رہنماؤں کو آج ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔ملاقات کرنے والوں میں سید رضا گیلانی، طاہر اقبال، میاں فیاض، ایم پی اے قاضی احمد اکبر، مہوش جنجوعہ اور عبدالحکیم زرین شامل ہیں۔ یہ تمام رہنما آج اڈیالہ جیل پہنچیں گے جہاں بانی پی ٹی آئی سے ان کی ملاقات متوقع ہے۔دوسری جانب ملاقات کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے اطراف سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔

 پولیس ذرائع کے مطابق مختلف اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ داہگل، فیکٹری ناکہ، ماربل فیکٹری ناکہ اور گیٹ نمبر 1 اور 5 پر عارضی پولیس پکٹس قائم کر دی گئی ہیں۔حکام کے مطابق امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے علاقے میں کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔