720 مزدروں کو رہائشی فلیٹس مل گئے‘جن لوگوں کے پاس زمین نہیں مفت دینگے مریم نواز

غریب مزدوروں کو گھر کی فراہمی پرانتہائی خوشی ہے‘ ہر فلیٹ کی تعمیر پر35لاکھ روپے لاگت آئی ہے، مستحق مزدوروں کورہائشی فلیٹس مفت فراہم کئے جا رہے ہیں:تقریب سے خطاب
اضلاع میںمقامی وسائل سے  ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا  فیصلہ ‘کمشنرز اب صرف ایئرکنڈیشنڈ دفاتر میں نہیں بلکہ فیلڈ میں نظر آنے چاہئیں:وزیراعلی کی اجلاس میں ہدایات
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے  جن لوگوں کے پاس زمین نہیں، مفت فراہم کریں گے۔صوبائی دارالحکومت میں مزدوروں کو فلیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا  مزدوروں کو گھر ملنے پر مبارکباد دیتی ہوں۔اْنہوں نے کہا  اپنا گھر بہت بڑی نعمت ہوتی ہے، مہنگائی،مشکلات کے دورمیں مکان بنانا مشکل کام ہے، غریب مزدوروں کو گھر کی فراہمی پرانتہائی خوشی ہے‘ ہررہائشی فلیٹ کی تعمیر پر35لاکھ روپے لاگت آئی ہے، مستحق مزدوروں کورہائشی فلیٹس مفت فراہم کیے جا رہے ہیں‘ پہلے مرحلے میں 720 رہائشی فلیٹس دیے جا رہے ہیں، ٹیکسلا میں 500 گھر تکمیل کے قریب ہیں، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت ایک لاکھ گھر مکمل ہو چکے ہیں۔ جن لوگوں کے پاس زمین نہیں، مفت فراہم کریں گے، دریں اثناء وزیر اعلی  مریم نواز نے پنجاب کے اضلاع کو مالی طور پر خودمختار بنانے کیلئے جس ضلع کا ریونیو، اسی کی ترقی کے وژن کے تحت مقامی وسائل سے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا  فیصلہ کیا ہے ۔وزیراعلی کی زیر صدارت کمشنرز کے اہم اجلاس میں پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پلانز کا جائزہ لیا گیا جبکہ ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان ڈویژنز کے کمشنرز نے دستیاب وسائل اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔مریم نواز شریف نے اجلاس میں واضح کیا کہ آئی واش نہیں، گرائونڈ ورک چاہیے، کمشنرز اب صرف ایئرکنڈیشنڈ دفاتر میں نہیں بلکہ فیلڈ میں نظر آنے چاہئیں، اگر اختیار انتظامیہ کے پاس ہے تو ذمہ داری بھی اسی کی ہوگی، عوام کو حقیقی ریلیف ملنا چاہیے۔فیصل آباد ڈویژن میں نجی ہائو سنگ سوسائٹی کے کھلے گڑھے میں تین سالہ بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر وزیراعلی شدید برہم ہوئیں، انہوں نے حکم دیا کہ اگر کوئی شہری مین ہول میں گرا تو متعلقہ سوسائٹی مالکان کو گرفتار کیا جائے گا، تمام نجی ہائوسنگ سوسائٹیز سے ہر ماہ کھلے مین ہولز نہ ہونے کا بیان حلفی لینے اور پنجاب بھر کی تمام نجی سوسائٹیز کو نوٹس جاری کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔