مستحقین کو 3مرلے کے پلاٹ مفت دینگے مریم نواز

 آئندہ سال ہونہارسکالر شپ 50ہزار کرنے،سیکنڈ اور تھرڈایئر طلبہ کیلئے سکالر شپ سکیم تیار کرنے کی ہدایت‘
 ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس اور لیپ ٹاپ سکیم کا جلد آغازہوگا:وزیراعلی
 5سال میں عوام اور پاکستان کی قسمت بدل دیں گے،پنجاب میں 50 لاکھ خاندانوں کے پاس اپنا گھر نہیں، رواں سال ایک لاکھ لوگوں کو اپنا گھر مل جائے گا، 5 سال  میں 5لاکھ خاندانوں کو اپنا گھر دیں گے‘ہزاروں افراد کو پلاٹ ملیں گے
 انتقامی کارروائی میں لگ گئی تو عوام اور طلبہ کے کام کون کرے گا،حملے اور جلائو گھیرائومیں پڑ گئی تو لیپ ٹاپ کون دے گا‘
 دوسرے صوبے سکالر شپ مانگ رہے ہیں ہم دے رہے ہیں:تقریب سے خطاب‘اسلامیہ یونیورسٹی  بہاولپور میں گفتگو

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے مستحق اور نادار افراد کو 3 مرلے کا مفت پلاٹ دینے کے لئے سکیم لانے کا اعلان کردیا، مریم نواز نے کہا ہے  5 سال میں پنجاب اور پاکستان کی قسمت بدل دیں گے۔پیر کو وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کالا شاہ کاکو میں زہرہ ہومز / مسکن راوی کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر انہوں نے مسکن راوی کا دورہ کیا اور تفصیلی جائزہ لیا۔وزیر اعلی نے 100 خاندانوں کو گھروں کے الاٹمنٹ لیٹرز اور چابیاں دیں، انہوں نے زہرہ ہومز، مسکن راوی کے معیار اور سہولتوں پر اظہار اطمینان کیا، مریم نواز کو زہرہ ہومز / مسکن راوی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں کہا گیا  کالا خطائی روڈ، لاہور پر موضع نہرہ پور میں ابتدائی طور پر 100 مکانات تعمیر کیے گئے ہیں، زہرہ ہومز میں ہر گھر 400 مربع فٹ پر محیط ہے، زہرہ ہومز میں دو بیڈروم،ایک باورچی خانہ،ایک باتھ روم اور صحن شامل ہے۔مسکن راوی کے تحت مستحق افراد کو گھروں کی فراہمی کے منصوبہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج 100 مستحق افراد کو گھر ملے ہیں،مستحقین کو گھر ملنے پر میرے دل کو تسلی ہوئی ہے، جن لوگوں کو گھر ملے ان کو بہت بہت مبارک ہو۔انہوں نے کہا کہ جو گھر دیئے جارہے ہیں ان پر سولر یونٹ لگا ہوا ہے، 100 گھروں کے ساتھ ایک سکول ہے، ان گھروں کے ساتھ واٹر فلٹریشن پلانٹ موجود ہے، کسی کا حق کسی ایسے کو نہیں جانا چاہیے جو مستحق نہیں، مجھے ایک خاتون نے کہا یہ گھر واپس تو نہیں لیا جائیگا، خاتون کوتسلی دیتے ہوئے کہا یہ گھر رہتی دنیا تک آپ سے کوئی نہیں لے گا۔انہوں نے کہا پنجاب میں 50 لاکھ خاندانوں کے پاس اپنا گھر نہیں، رواں سال ایک لاکھ لوگوں کو اپنا گھر مل جائے گا، 5 سالوں میں 5لاکھ خاندانوں کو اپنا گھر دیں گے، پنجاب کے 37 اضلاع میں ہزاروں گھر زیر تعمیر ہیں، کچھ گھروں کی تعمیر جاری ہے اور کچھ بن بھی گئے ہیں،۔انہوں نے کہا کہ مستحق اورنادار افراد کوگھر کیلئے زمین کا ٹکڑا مفت دیا جائے گا،10مرلہ پلاٹ والوں کو ایک لاکھ تک قرضہ ملے گا، ہم نے قرضے کی آسان اقساط رکھی ہیں، آپ نے 7 سال میں 15 لاکھ ہی واپس کرنا ہے، ماہانہ قسط 14 ہزار روپے دینی ہوگی ،3مرلے کے پلاٹس ہزاروں افراد کو دیں گے۔دریں اثناء  مریم نوازشریف نے سیکنڈ اور تھرڈایئر طلبہ کے لئے سکالر شپ سکیم تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کا طلبہ کو اگلے سال سے ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس اور لیپ ٹاپ سکیم کے جلد آغاز کااعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اگلے سال سے سکالر شپ 50ہزار کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ہونہار سکالر شپ کی تقریب میں طلبہ سے وطن عزیز کی عزت وحترام کا عہد بھی لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا  ہر طالب علم کو سب سے پہلے پاکستانی ہونا چاہیے۔ سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر میرٹ پر سکالر شپ مل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر میں بھی کسی کو آوازیں کسنے اور حملے کرنے کا کہوں تو مت کریں۔ملکی مفادات سے متصادم ریڈ لائن کو کراس نہیں کرنا۔ میں انتقامی کارروائی میں لگ گئی تو عوام اور طلبہ کے کام کون کرے گا۔پاکستان میرا ہے ذرے ذرے اور چپے چپے سے پیار ہے۔