مذہبی منافرت اور تقسیم کو روکنا تمام علماء کرام کی ذمہ داری ہے، کئی لوگوں نے مذہب کے نام پر فتنے کوفروغ دیا‘شہداء کے خون کا حساب لیا جائیگا
فتنہ، ظلم و زیادتی چاہے کسی بھی رنگ میں ہو، اسے کٹہرے میں لانا ریاست کی ذمہ داری ہے، لوگوں کی جان و مال اور قوم کی سلامتی سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دینگے
ٹریفک قانون کی سختی سے لوگ خوش نہیں، مجھے پتہ ہے‘آئمہ کرام کی خد مت میرے لئے اعزاز ہے: اعزازیہ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب
لاہور (سپیشل رپورٹر )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے مذہبی منافرت اور تقسیم کو روکنا تمام علما کرام کی ذمہ داری ہے، کئی لوگوں نے مذہب کے نام پر فتنے کوفروغ دیا،ہر ظالم، مافیا کیلئے پنجاب کی زمین تنگ کردی گئی ہے، کسی بھی فتنے کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، ریاست لوگوں کی جان و مال اور قوم کی سلامتی سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میں علمائے کرام میں اعزازیہ کارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ آئمہ کرام کی خدمت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، امام مسجد معاشرے اور نوجوان نسل کی تربیت میں اپنا کردار ادا کریں، 70 ہزار اکائو نٹ کھل گئے ہیں، 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ ملے گا، یہ 20 ارب روپے سالانہ کا منصوبہ ہے ۔ لوگوں نے اسے سیاسی رنگ دینے کی کوشش، لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔ مریم نواز نے کہا کہ 25 ہزار ایک چھوٹی سی رقم ہے لیکن اس سے آپ کی زندگی میں کچھ آسانی ہوگی، ماہانہ اعزازیہ ملے گا، آسان اورشفاف آدائیگی کا نظام ہم نے ترتیب دے دیا ہے، ٓپ تمام نمازیوں سمیت حکمرانوں کی بھی تربیت کرتے ہیں، یہ 25ہزار آپ کیلئے ایک چھوٹا سا نذرانہ اورتحفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فروری کے آخر سے امام مسجد کا پنجاب بینک میں اکائو نٹ اوپن ہوجائے گا، جب آئمہ کرام اورحکومت کے رابطے میں خلل آتا ہے تو معاشرے میں خرابی پیدا ہوتی ہے، پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، چاہتے ہیں ملک میں اتحاد اور امن کو فروغ ملے۔ وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ فتنہ کی سرکوبی میں مجھے آپ کی ضرورت ہے، دین کا نام استعمال کرکے فتنہ کو فروغ دینا خیانت ہے، کئی لوگوں نے مذہب کے نام پر فتنہ کو فروغ دیا۔ پولیس، رینجرز کے نوجوانوں کو انہوں نے شہید کیا، لوگوں کی املاک جلا دی گئیں، آمدورفت کے راستے بند کر دیے، اگر یہ فتنہ نہیں تو اور فتنہ کس کو کہتے ہیں؟ فتنہ، ظلم و زیادتی چاہے کسی بھی رنگ میں ہو، اسے کٹہرے میں لانا ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست شہدا کے خون کا حساب لے گی، ریاست لوگوں کی جان و مال اور قوم کی سلامتی سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دے گی‘انہوں نے کہا ٹریفک قانون کی سختی سے لوگ خوش نہیں، مجھے پتہ ہے، ٹریفک قوانین پر سختی سے مریم نواز کو کوئی فائدہ نہیں، مریم نواز آپ کا چالان نہیں کرنا چاہتی۔ مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب کی گاڑیاں گلیوں، محلوں اورشاہراہوں کو صاف کرتی ہیں، ستھرا پنجاب کی گاڑیوں کو نذر آتش کی گیا، عوام کی املاک جلائی گئیں ،گزرگاہیں روک دی گئیں، کچھ لوگ جلا گھرا،سڑکیں بند کرنے کو مذہب کانام دیتے ہیں، عوامی املاک کو نقصان پہنچایا،جلا گھیرا کرنا فتنہ نہیں تو اورکیا ہے۔