مہاراشٹر پولیس کی جانب سے بھارتی فنکاروں کی خاموشی پر تنقید، پاکستان کے خلاف نہ بولنے پر ٹرول کرنے کی کوشش
پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران بھارتی فنکاروں کی خاموشی پر مہاراشٹر پولیس نے سوشل میڈیا پر اپنے ہی فنکاروں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کئی بھارتی فنکاروں نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کے خلاف زہر اُگلا، جب کہ کچھ بڑے فنکاروں نے اس سنگین معاملے پر خاموشی اختیار کی۔مہاراشٹر پولیس نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر پاکستان کے خلاف نہ بولنے والے بالی ووڈ سپر اسٹارز کی تصاویر شیئر کیں، جن کے منہ پر تالے کا ایموجی لگا تھا۔ اس پوسٹ میں پولیس نے سلمان خان، شاہ رُخ خان، عامر خان، دیپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ جیسے مشہور فنکاروں پر تنقید کی اور کہا، "اب امن ہے، اب آپ لوگ انسٹاگرام پر واپس آ سکتے ہیں، اب آپ کے غیر ملکی مداحوں کے ناراض ہونے کا کوئی خطرہ نہیں رہا۔"
یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اسے فنکاروں کی خاموشی پر ایک طنزیہ حملہ سمجھا گیا، خاص طور پر بالی ووڈ کے تینوں خانز (سلمان خان، شاہ رُخ خان اور عامر خان) پر جنہوں نے پاکستان کے بارے میں کوئی منفی بیان نہیں دیا۔یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے بعد سلمان خان اور عامر خان نے امن کی اپیل کی تھی، تاہم ان پر شدید تنقید کی گئی کیونکہ انہوں نے پاکستان کے خلاف کوئی منفی بیان نہیں دیا۔ سلمان خان نے اپنے بیان کو بعد میں سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کر دیا تھا۔