بالی ووڈ اداکار کیخلاف فراڈ کا مقدمہ درج

 بالی ووڈ اداکار کیخلاف فراڈ کا مقدمہ درج

بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع مین پوری میں بالی ووڈ اداکار شریاس تلپاڈے کے خلاف مبینہ سرمایہ کاری فراڈ کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھگاؤں تھانے میں درج ایف آئی آر میں شریاس تلپاڈے سمیت 12 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ مدعی کا مؤقف ہے کہ اداکار اور ان کے ساتھیوں نے ایک سرمایہ کاری اسکیم کے نام پر شہریوں، خصوصاً دیہاتی افراد، سے لاکھوں روپے وصول کیے اور انہیں مالی نقصان پہنچایا۔شکایت کے مطابق مذکورہ اسکیم کے ذریعے مختلف افراد سے رقوم جمع کی گئیں۔ عدالت کے حکم پر پولیس نے مقدمے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تاہم شریاس تلپاڈے کی جانب سے تاحال ان الزامات پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ شریاس تلپاڈے بالی ووڈ اور مراٹھی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر ہیں۔ انہوں نے 2005 کی فلم ’اقبال‘ سے بطور مرکزی اداکار شہرت حاصل کی، جبکہ ’دور‘، ’گول مال‘ اور ’اوم شانتی اوم‘ ان کی نمایاں فلموں میں شامل ہیں۔ وہ جلد فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ میں بھی نظر آئیں گے۔