ویب ڈیسک: آئرلینڈ کی معروف خاتون فٹبالر میگن کیمبل نے ایک شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کروا لیا ہے۔
میگن کیمبل، جو کہ لندن سٹی لایونیسز کلب کی نمائندگی کرتی ہیں، نے 30 اپریل کو 37.55 میٹر (123 فٹ 2 انچ) طویل تھرو کے ساتھ دنیا کا طویل ترین تھرو کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔یہ تھرو نہ صرف مطلوبہ 35 میٹر کی حد سے زیادہ تھی، بلکہ یہ دنیا کے سب سے بڑے جانور بلیو وہیل کی اوسط لمبائی (24 میٹر) سے تقریباً 10 میٹر زیادہ تھی۔ اس کے علاوہ، یہ تھرو بولنگ ایلی (19.16 میٹر) سے بھی تقریباً دو گنا طویل تھی۔31 سالہ میگن کیمبل نے اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے یہ ریکارڈ قائم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی کامیابی دوسروں کو بھی اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ترغیب دے۔
میگن نے مسکراتے ہوئے کہا، "مجھے لگتا ہے کہ میرا ریکارڈ شاید ایک ہفتے میں ٹوٹ جائے گا جب کسی کو اس کی خبر مل جائے گی۔"ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی اس صلاحیت کا ادراک 12 سے 13 سال کی عمر میں ہوا جب وہ آئرلینڈ میں لڑکوں کی ٹیم کے ساتھ کھیلتی تھیں اور ان کی تھرو لڑکوں سے بھی زیادہ طویل ہوتی تھی۔یاد رہے کہ میگن کیمبل ماضی میں مانچسٹر سٹی، لیورپول اور ایورٹن جیسے بڑے فٹبال کلبز کی نمائندگی کر چکی ہیں اور وہ ریپبلک آف آئرلینڈ کی قومی ٹیم کی طرف سے 50 سے زائد بین الاقوامی میچز بھی کھیل چکی ہیں۔