آئرلینڈ کی معروف خاتون فٹبالر میگن کیمبل نے حال ہی میں خواتین فٹبال میں طویل ترین تھرو اِن کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر کے اپنی مہارت کا لوہا منوا لیا ہے۔
انہوں نے فٹبال کو 37.55 میٹر (123 فٹ 2 انچ) کی دوری تک پھینک کر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا، جو اس سے پہلے 35 میٹر تھا۔31 سالہ میگن کیمبل کا تعلق لندن سٹی لائنیسز (London City Lionesses) کلب سے ہے۔ ان کا یہ کارنامہ نہ صرف ان کی انفرادی صلاحیت کا ثبوت ہے بلکہ خواتین کھیلوں میں ممکنہ جسمانی کارکردگی کی نئی حدود بھی متعین کرتا ہے۔میگن کیمبل نے بتایا کہ ان کی یہ غیر معمولی صلاحیت قدرتی ہے اور انہوں نے کبھی اس کے لیے باقاعدہ تربیت نہیں لی۔ وہ بچپن میں جب 12 یا 13 سال کی تھیں اور لڑکوں کی فٹبال ٹیم میں کھیلتی تھیں، تب بھی ان کا تھرو ان لڑکوں سے زیادہ لمبا ہوتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے بازوؤں کی غیر معمولی لچک (hypermobility) اس کارکردگی کی بنیاد ہے، جو انہیں فٹبال کو اتنی دور تک پھینکنے کے قابل بناتی ہے۔میگن کی یہ کامیابی خواتین فٹبال کے فروغ کے لیے نہایت اہم سمجھی جا رہی ہے، جہاں تکنیکی مہارتوں اور انفرادی خوبیوں کو نئی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔