کراچی: عشق کے تنازع پر دوست نے دوست کو خنجر کے وار سے قتل کردیا

کراچی: عشق کے تنازع پر دوست نے دوست کو خنجر کے وار سے قتل کردیا

کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں لڑکی کے عشق میں تنازعہ پر ایک شخص کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، زمان ٹاون تھانے کی حدود میں واقع نورانی بستی میں لڑائی کے دوران، مقتول 24 سالہ بلال کو اس کے دوست احسان نے خنجر کے ذریعے قتل کر دیا۔ دونوں دوستوں کے درمیان (ع) نام کی لڑکی سے محبت کا تنازعہ تھا، جو منگل اور بدھ کی درمیانی شب شدت اختیار کر گیا۔پولیس کے مطابق، مقتول بلال اور اس کے دوست احسان، شہریار، بلال، اور عرفان سمیت دیگر افراد میں جھگڑا ہوا تھا، جس میں احسان نے بلال کو تیز دھار آلے سے وار کر کے قتل کر دیا اور بعد ازاں فرار ہو گیا۔ مقتول بلال فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔

ایس ایچ او زمان ٹاؤن، انسپکٹر غلام نبی آفریدی کے مطابق، عینی شاہد نے پولیس کو بتایا کہ احسان نے قتل کی واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا۔ تاہم، ابھی تک مقدمہ درج کرانے کے لیے کسی بھی شخص نے پولیس سے رجوع نہیں کیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔