کراچی: موسیٰ کالونی میں جھگڑے کے دوران دوست کے ہاتھوں دوست قتل

کراچی: موسیٰ کالونی میں جھگڑے کے دوران دوست کے ہاتھوں دوست قتل

کراچی کے علاقے گلبرگ موسیٰ کالونی میں معمولی جھگڑا ایک افسوسناک واقعے میں بدل گیا، جہاں ایک نوجوان نے اپنے ہی دوست کو چھری کے وار سے قتل کردیا۔

چھیپا ریسکیو کے مطابق یہ واقعہ یو سی پارک کے قریب موسیٰ کالونی میں پیش آیا۔ چھری کے وار سے شدید زخمی ہونے والے نوجوان وسیم ولد ابراہیم (عمر 20 سال) کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ وسیم اور کامران قریبی دوست تھے اور دونوں موسیٰ کالونی ہی کے رہائشی تھے۔ کسی ذاتی تنازع یا معمولی تلخ کلامی کے باعث دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے دوران کامران نے غصے میں آکر چھری کے وار سے وسیم کو قتل کردیا۔

گلبرگ تھانے کے ہیڈ محرر اے ایس آئی یاسر کے مطابق پولیس نے ملزم کامران کو موقع سے گرفتار کرلیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول اور ملزم کے اہلِ خانہ سے بیانات ریکارڈ کیے جارہے ہیں تاکہ واقعے کی اصل وجہ سامنے لائی جا سکے۔