لاہور: پنجاب کے دارالحکومت سمیت ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی ہے، جس کے مطابق شہرِ لاہور کا موسم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید گرم اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کی صبح شہر کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شہر میں ہواؤں کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 31 فیصد بتایا گیا ہے۔ اس کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم اتوار کے روز آسمان پر جزوی طور پر کالے بادل چھا سکتے ہیں، لیکن بارش کی توقع نہیں ہے۔
دن بھر شہر کا مطلع صاف رہے گا۔شدید گرمی کے باعث ماہرین صحت نے شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے، دھوپ میں کام کرنے والے افراد کو سایہ دار جگہوں کا انتخاب کرنے، اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہیٹ اسٹروک سے بچا جا سکے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ گرمی کی لہر آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتی ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور خود کو محفوظ رکھیں۔