صدر ٹرمپ کا دورہ سعودی عرب عالمی امن و سلامتی کے لیے بہت اہم : شہزادی ریما

دونوں ممالک کا اتحاد صرف تاریخ نہیں بل کہ نیا مستقبل بھی ہے،امریکا میں سعودی سفیر کا واشنگٹن ٹائمز میں مضمون
واشنگٹن (آئی این پی )امریکا میں سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ سعودی عرب عالمی استحکام اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ شہزادی ریما بنت بندر نے واشنگٹن ٹائمز کے لیے لکھے گئے مضمون میں کہا کہ یہ دورہ عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے بہت اہم ہے کیوں کہ آج جب دنیا کو نئے چیلنجز اور تنازعات کا سامنا ہے ایسے وقت میں یہ شراکت داری پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ شہزادی ریما بنت بندر کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کا اتحاد صرف تاریخ نہیں بل کہ نیا مستقبل بھی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے آخری دورے سے قبل سعودی عرب نے وژن 2030 کے تحت بڑی قومی اصلاحات شروع کی تھیں، جن میں بڑے پیمانے پر معاشی، ثقافتی اور سماجی تبدیلیاں شامل تھیں۔شہزادی ریما بنت بندر کے مطابق تقریبا آٹھ سال بعد جب صدر ٹرمپ ایئر فورس سے باہر قدم رکھیں گے تو انہیں وژن حقیقت میں دکھائی دیتا ملے گا۔