وزیراعظم آزاد کشمیر کا برنالا سیکٹر میں اگلے مورچوں کا دورہ ، جوانوںکو خراج تحسین پیش

  پاک فوج نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ،پاک فضائیہ کی قابلیت کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے،چودھری انوارالحق  

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کی بھارتی جارحیت سے متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت  
مظفر آباد (آئی این پی )وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوار الحق نے بھمبر ضلع کے برنالا سیکٹر میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور مسلح افواج کے جوانوں کے ساتھ دشمن کو ان کے منہ توڑ جواب پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے گولا باری سے متاثرہ خاندانوں کا احوال بھی دریافت کیا۔ جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے چودھری انوار الحق نے فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کی تعریف کی اور کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے بھارتی افواج کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے اور پاک فضائیہ کی قابلیت کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔چودھری انوار الحق نے بھارت کی جانب سے شہری آبادیوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی مذمت کی اور آزاد جموں و کشمیر کے لوگوں کی مزاحمت اور بہادری کی ستائش کی۔ان کا کہنا تھا کہ شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کو 24گھنٹوں کے اندر امداد فراہم کی گئی ہے اور متعلقہ ادارے مکمل طور پر چوکس ہیں۔وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے اپنے دورے میں شہداء کے خاندانوں سے ملاقات کی، لواحقین کی دلجوئی کی اور امدادی چیک حوالے کیے۔ دریں اثناء صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے لائن آف کنٹرول کے ساتھ بے گناہ اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے پر بھارتی جارحیت کی سخت مذمت کی اور ان اقدامات کو بھارت کی مایوسی کا کھلا اظہار قرار دیا۔بیرسٹر سلطان محمود نے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی، انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر نقصانات کا تجزیہ کریں اور متاثرہ آبادی کے لیے فوری ریلیف یقینی بنائیں، جبکہ زخمیوں کو بلا رکاوٹ طبی دیکھ بھال فراہم کی جائے۔