10 مئی کا دن قوم کے لیے سنہری باب بن چکا ہے:سیدال خان

پاک فوج نے جرات، حکمت اور عزم سے دشمن کا مقابلہ کیا،قائم مقام چیئرمین سینیٹ 
اسلام آباد(آ ئی این پی)قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے افواجِ پاکستان کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاک فوج نے جرات، حکمت اور عزم سے دشمن کا مقابلہ کیا، 10مئی کا دن قوم کے لیے سنہری باب بن چکا ہے ۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے  مطابق قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران افواجِ پاکستان کی جرات مندانہ اور شاندار کارکردگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے حملوں کا دلیری، حکمت عملی اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔سیدال خان نے وزیراعظم پاکستان، میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے ہر سال 10مئی کو "معرکہ حق" کے طور پر منانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن قوم کی یادداشت میں ایک سنہری باب کے طور پر محفوظ کیا جائے گا۔