برطانیہ کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہیں:سیدال خان

فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ عالمی برادری کی اجتماعی ذمہ داری ہے:قائم مقام چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد (آئی این پی )قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان  نے کہا ہے   پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے،برطانوی حکومت   فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے اپنا موثر اور فعال کردار ادا کرے۔قائمقام چیئرمین سینیٹسے برطانوی ڈپٹی اسپیکر نے وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ وفد میں برطانوی ہائی کمیشن کے سیاسی مشیر اور ہاس آف کامنز کے عہدیدار بھی شامل تھے۔قائمقام چیئرمین سینیٹ نے برطانوی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں جمہوری اقدار، پارلیمانی تعاون، اور دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اس موقع پر مسئلہ فلسطین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ عالمی برادری کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے اپنا موثر اور فعال کردار ادا کرے۔