امریکہ خارجہ پالیسی میں مسئلہ کشمیر کو ترجیح دے:چودھری شجاعت

لاہور (خصوصی رپورٹر )  مسلم لیگ ق کے صدر  چودھری  شجاعت حسین نے کہا ہے امریکہ  کو اپنی خارجہ پالیسی میں مسئلہ کشمیر کو ترجیح دینا ہوگی، تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی بنیاد رکھی جاسکے۔  انہوںنے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی طاقتیں واقعی دنیا میں امن کی خواہاں ہیں، تو کشمیر جیسے دیرینہ تنازع کو نظرانداز کرنا ممکن نہیں۔ امریکی صدر کی پاک بھارت جنگ بندی میں دلچسپی حوصلہ افزا اقدام ہے، امید ہیکہ وہ اسی سنجیدگی سے مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل میں بھی عملی دلچسپی اور ترجیحی اقدامات اٹھائیں گے۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ دنیا روس یوکرین ، اسرائیل اور فلسطین جیسے تنازعات کے حل میں دلچسپی لے رہی ہے تو وہ کشمیر جیسے اہم مسئلے کو بھی نظرانداز نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں مصلحتوں سے بالاتر ہو کر جنوبی ایشیائی خطے میں انصاف پر مبنی پالیسی اپنائیں۔