پروگرام کو بڑھانے کے دو مختلف ماڈلزپہلا 50فیصد،دوسر ا 100فیصد زیر غور
پروگرام کیلئے 1لاکھ 43 ہزار سے زائد طلبہ کی درخواستیں موصول ہوئیں:ذرائع
لاہور( خصوصی پورٹ)پنجاب میں سی ایم لیپ ٹاپ پروگرام کو بڑھتی طلب کے پیش نظر مزید وسعت دینے کی سفارشات تیار کر لی گئی ہیں جبکہ پروگرام کو بڑھانے کے دو مختلف ماڈلز زیر غور ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے ماڈل کے مطابق منصوبے میں 50فیصد اضافہ کیا جائے گا، جس کی لاگت تقریباً 40ارب روپے تک پہنچ سکتی ہے۔ اس صورت میں 1لاکھ 65ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔دوسری تجویز میں پروگرام کو 100فیصد بڑھانے کی سفارش شامل ہے جس سے لاگت تقریباً 54ارب روپے تک جا سکتی ہے اور 2لاکھ 20 ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے جا سکیں گے۔ذرائع کے مطابق منصوبے کی موجودہ مجموعی لاگت 27ارب روپے ہے اور ابتدائی مرحلے کیلئے 15ارب روپے مختص کئے گئے تھے،اب تک 35ہزار سے زائد طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا چکے جبکہ پروگرام کیلئے 1لاکھ 43 ہزار سے زائد طلبہ کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔حتمی طور پر لیپ ٹاپ پروگرام کی توسیع کی منظوری حکومت پنجاب دے گی۔واضح رہے کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے لیپ ٹاپ سکیم فیز 2 کے لئے درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی تھی،اب طلبہ 20مارچ تک آن لائن درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں ،اس سکیم میں سرکاری یونیورسٹیوں کے ساتھ پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے طلبہ بھی اہل ہیں۔