بھاٹی منصوبہ : آ ئوٹ فال، ریٹیگن ، راوی روڈ کی بحالی بھی شامل

لاہور میں پہلی مرتبہ آ ئوٹ فال اور ریٹیگن روڈ پر داخلی دروازہ تعمیر کیا جائے گا
لاہور (خصوصی پورٹ)پنجاب حکومت کی ہدایت پر بھاٹی گیٹ اپگریڈیشن منصوبے میں توسیع کرتے ہوئے آ ئوٹ فال روڈ، ریٹیگن روڈ اور راوی روڈ کی بحالی کو شامل کیا گیا ہے۔اس منصوبے کی مجموعی لاگت ایک ارب پانچ کروڑ ستائیس لاکھ روپے مقرر کر لی گئی، آ ئوٹ فال روڈ کی اپ لفٹنگ اور بحالی کے لیے 55 کروڑ 74 لاکھ 82 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ریٹیگن روڈ کی بحالی کا کام 6 کروڑ 58 لاکھ 6 ہزار روپے سے مکمل کیا جائے گا۔علاقے کو خوبصورت بنانے کے لیے سخت اور نرم لینڈ سکیپنگ کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ شجرکاری، پارکس کے قیام اور شہریوں کے لیے بیٹھنے کی جگہیں بنانے کے لیے تین کروڑ 95 لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، تاکہ علاقے میں آرام دہ اور خوشگوار ماحول قائم کیا جا سکے۔لاہور میں پہلی مرتبہ آ ئوٹ فال اور ریٹیگن روڈ پر داخلی دروازہ تعمیر کیا جائے گا، جس پر 4 کروڑ 42 لاکھ 65 ہزار روپے کی لاگت آئے گی۔ منصوبے کے تحت نئے ٹریفک سگنلز نصب کیے جائیں گے، جن کے لیے ایک کروڑ 37 لاکھ روپے مختص ہیں، جبکہ بہتر روشنی کے انتظام کے لیے 13 کروڑ 81 لاکھ روپے کی لاگت سے جدید لائٹنگ سسٹم نصب کیا جائے گا۔