چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی سلیکشن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات ہوئی، جس میں کرکٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے سلیکشن کمیٹی کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اختیارات مکمل اور آزادانہ استعمال کریں اور بغیر کسی دباؤ کے ایمانداری سے فیصلے کریں۔ انہوں نے کہا کہ تنقید برائے تنقید کی پرواہ نہ کی جائے اور فیصلے ہمیشہ میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں۔چیئرمین پی سی بی نے یقین دلایا کہ سلیکشن کمیٹی کو مکمل حمایت حاصل ہوگی اور بورڈ ہمیشہ ان کے فیصلوں کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ اس موقع پر سلیکشن کمیٹی کے ارکان مصباح الحق، سرفراز احمد، اسد شفیق اور عاقب جاوید نے اعتماد کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کی، جس میں کپتان عماد بٹ کی قیادت میں کھلاڑیوں کی 8 برس بعد ورلڈ کپ کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی گئی۔ محسن نقوی نے ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کی بھی تعریف کی۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ جاب نہ کرنے والے ہاکی کھلاڑیوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی اور زخمی کھلاڑیوں کا علاج پی سی بی کرائے گا۔