وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کا گزشتہ تین سال کا آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور سے متعلق اجلاس میں بتایا گیا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز اور ان لینڈ ریونیو سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں کسی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی، اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات سے وابستہ کارگو کی نگرانی وی-باک (WeBOC) سسٹم سے ہو رہی ہے، اور بانڈڈ تجارت ملک کی کل درآمدات کا 16.5 فیصد ہے۔
مزید برآں، ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کی فزیکل اسٹاک ویریفکیشن، لائسنسنگ، اور سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔اس کے علاوہ، ویئر ہاؤسز کی ویلیوایشن ٹیسٹنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹمز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔وزیراعظم کے اجلاس میں وفاقی وزرا، متعلقہ سرکاری افسران اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔