وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شاگئی، لکی مروت میں خوارجی عناصر کے خلاف کامیاب آپریشن پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) خیبرپختونخوا کی کارکردگی کو سراہا ہے اور کہا کہ CTD کے جوانوں کی بہادری اور پروفیشنل ازم پر فخر ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ CTD خیبرپختونخوا نے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے اس کامیاب کارروائی پر CTD کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کی تعریف کی۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے CTD کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ انہوں نے یہ عزم بھی ظاہر کیا کہ ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔