اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ملاقات کی، جس میں گلگت بلتستان کی مجموعی صورتحال، امن و امان، سیاحت کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گلگت بلتستان میں ترقی، امن اور استحکام کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کی جانے والی کوششیں قابل تحسین ہیں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان قدرتی حسن سے مالا مال خطہ ہے جہاں ہر سال بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح رخ کرتے ہیں۔ علاقے میں سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ خوش آئند ہے اور سیاحت کے فروغ سے نہ صرف مقامی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی مجموعی ترقی، امن و استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے میں سیاحت کے فروغ اور ترقیاتی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا کہ صوبے میں مجموعی صورتحال بہتر ہے اور علاقے کا ماحول مکمل طور پر پرامن ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور حکومتی اقدامات سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔