دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز

 37 لاکھ 30 ہزار سے پوچھ گچھ، 19 ہزار سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویڑن کے تحت پنجاب پولیس کی جانب سے شرپسند، دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 37 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 19 ہزار سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ ان کارروائیوں کے دوران مشتبہ افراد کے قبضے سے 102 کلاشنکوفیں، 3 ہزار 445 پستول، 281 بندوقیں، 311 رائفلیں اور 92 ریوالور برآمد کیے گئے، جبکہ بھاری تعداد میں گولیاں بھی قبضے میں لی گئیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبہ بھر میں سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ حساس مقامات، تعلیمی اداروں، بس اڈوں، ہوٹلز اور سراؤں میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث سماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں تاکہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔