لاہور سمیت صوبہ بھر میں کارروائی، 17 ہزار سے زائد مشتبہ افراد کی چیکنگ
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس کے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 532 کومبنگ آپریشنز کیے گئے جن میں 17 ہزار 233 مشتبہ افراد کی چیکنگ کی گئی جبکہ 32 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔ 23 سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کے دوران 2568 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث 323 اشتہاری، 115 عدالتی مفرور اور 81 عادی مجرمان کو بھی حراست میں لے لیا۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق 10 مجرمان کیفر کردار کو پہنچے جبکہ 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔