دبئی سے بھارت سونا اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار ہونے والی بھارتی اداکارہ رانیہ راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے سونا چھپانے اور اسمگل کرنے کا طریقہ یوٹیوب سے سیکھا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رانیہ راؤ کو 14 دن کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا تھا، جہاں انہوں نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔رانیہ راؤ نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ وہ سونا چھپانے اور اسمگل کرنے کے طریقے یوٹیوب سے سیکھا کرتی تھیں، جس کے بعد وہ اپنے لباس، جسم اور جوتوں میں سونے کے بسکٹ چھپایا کرتی تھیں۔ اداکارہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہوں نے پہلی بار اسمگلنگ کی کوشش کی تھی۔رانیہ راؤ کے مطابق، انہیں ایک گینگ نے پھنسایا تھا اور انٹرنیٹ پر انٹرنیشنل نمبروں سے کالز آنا شروع ہو گئی تھیں۔ دبئی ایئرپورٹ پر ایک افریقی نسل کے امریکی شخص نے سونے کے پیکٹ انہیں دیے تھے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ معمول کے مطابق دبئی اپنے نجی کاموں کے لیے جاتی رہتی تھیں، اور اس بار بھی وہ ریئل اسٹیٹ کے کاروبار اور فوٹو شوٹس کے لیے دبئی آئی تھیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ پہلی بار سونا اسمگل کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، لیکن وہ پکڑی گئیں۔
رانیہ راؤ کا دعویٰ تھا کہ انہیں اس کام کے لیے مجبور کیا گیا تھا اور اس سے پہلے انہیں سونا اسمگل کرنے کے لیے پھنسایا گیا تھا۔حکام نے بنگلورو ایئرپورٹ پر پروٹوکول آفیسر کے حوالے سے بتایا کہ اداکارہ کو سینئر افسران کی ہدایت پر ایمیگریشن کاؤنٹر سے گزارنے کی کوشش کی گئی تھی، اور یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس اسمگلنگ کیس میں کرناٹکا پولیس کے اعلیٰ افسران بھی ملوث ہو سکتے ہیں۔رانیہ راؤ کو رواں ماہ کے آغاز میں دبئی سے بھارت کروڑوں روپے مالیت کا سونا اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے سونا اپنے جسم اور لباس کے ساتھ اس طرح چھپایا تھا کہ ایئرپورٹ حکام کے لیے اسے تلاش کرنا مشکل تھا، لیکن پھر بھی وہ پکڑی گئیں۔ اس کیس میں سونا 13 کروڑ روپے مالیت کا تھا اور وہ ساڑھے 14 کلو سونا اسمگل کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔