بھارت کی کناڈا فلموں کی مشہور اداکارہ رانیا راؤ پر 127 کلو گرام سونا اسمگل کرنے کے الزام میں 102 کروڑ بھارتی روپے کا بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس (DRI) کی جانب سے اداکارہ اور دیگر تین ملزمان کو سونا اسمگلنگ کیس میں نوٹس جاری کیا گیا۔ مجموعی طور پر اداکارہ سمیت تمام ملزمان پر دبئی سے 324 کلو سونا اسمگل کرنے کے الزام میں 271 کروڑ بھارتی روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مرکزی ملزم رانیا راؤ، جو سینئر آئی پی ایس افسر اور ڈی جی پی چندر راؤ کی بیٹی ہیں، کو 127 کلو سونا اسمگل کرنے پر 102 کروڑ روپے کا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ DRI کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں جرمانے کی ادائیگی کے لیے کوئی مقررہ وقت نہیں بتایا گیا، تاہم ملزمان کو جلد از جلد نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اداکارہ رانیا راؤ اور دیگر تمام ملزمان فی الحال بنگلورو سینٹرل جیل میں قید ہیں، جبکہ رانیا راؤ نے اپنی گرفتاری کو بھارتی ہائی کورٹ میں چیلنج بھی کیا ہے۔واضح رہے کہ مارچ 2025 میں DRI کے اہلکاروں نے رانیا راؤ کو 14.8 کلو گرام سونے کے ساتھ بنگلورو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گرفتار کیا تھا۔ اس دوران اداکارہ کے پاس سے برآمد ہونے والے سونے کی قیمت تقریباً 12 کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی تھی۔