جعفر ایکسپریس حملے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت: سرفراز بگٹی

جعفر ایکسپریس حملے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت: سرفراز بگٹی

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردانہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی گئی۔

 ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے اجلاس میں جعفر ایکسپریس حملے کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیرِ اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ حملہ ناقابلِ برداشت ہے اور دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ایک انچ پر بھی قابض نہیں رہ سکتے، اس کارروائی کا مقصد بلوچستان میں پُر تشدد ماحول کا تاثر قائم کرنا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر طرح کی کنفیوژن سے نکل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنا ہو گا، اور دشمن عناصر بلوچستان کے امن کو تباہ نہیں کر سکتے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اداروں کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔