اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس شعبے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت سے متعلق پالیسی اور لائحہ عمل کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں الیکٹرک وہیکلز پالیسی 2025 کے مسودے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اجلاس میں ٹو اور تھری وہیلرز (موٹر سائیکل اور رکشہ) کی مقامی سطح پر تیاری، الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز اور بیٹری سواپنگ اسٹیشنز کے قیام جیسے نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں ماحولیاتی تحفظ اور جدید ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ:
تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پالیسی کو جلد حتمی شکل دی جائے
چارجنگ اسٹیشنز اور بیٹری سواپنگ انفرا اسٹرکچر کے قیام کو یقینی بنایا جائے
ٹو اور تھری ویلر گاڑیوں کی تیاری کے لیے صنعتوں کو سہولتیں دی جائیں
وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حتمی پالیسی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے تاکہ اس پر جلد عمل درآمد شروع کیا جا سکے۔واضح رہے کہ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے ایندھن کی درآمدات میں کمی، آلودگی میں کمی، اور جدید روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔