وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں سیلابی صورتحال پر فوری اقدامات کی ہدایت کر دی

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں سیلابی صورتحال پر فوری اقدامات کی ہدایت کر دی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ، بالخصوص کراچی میں جاری سیلابی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد اور بحالی کے لیے ترجیحی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ہدایت دی کہ وہ کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں سیلاب کے پیش نظر امدادی کارروائیوں کے لیے صوبائی حکومت اور سندھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔انہوں نے ریسکیو 1122، پاک فوج اور رینجرز کی متحرک امدادی کارروائیوں کو سراہا اور گڈاب ندی میں شہریوں کے ڈوبنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیلاب میں لاپتہ افراد کو جلد از جلد تلاش کیا جائے۔

شہباز شریف نے عوام کو سیلاب سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم کو مزید فعال بنانے اور متاثرہ نظامِ مواصلات کی جلد بحالی کے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور سندھ حکومت مکمل طور پر متحرک ہیں اور سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔