اپنی چھت اپناگھر،بلاسودقرضوں کی فراہمی تیز کرنیکافیصلہ

6 لاکھ 34 ہزار درخواستیں ،4ہزارگھرمکمل،رواں سال ایک لاکھ کاہدف مقرر
گھروں کی تعمیر کیلئے مستحق افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی:بلال یاسین
لاہور ( کرائم رپورٹر )صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت ‘‘اپنی چھت اپنا گھر پروگرام’’سے متعلق ایک اہم اجلاس گزشتہ روز ہوا، جس میں پنجاب بھر میں گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسود قرضوں کی فراہمی میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ نورالامین مینگل نے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ درخواست گزاروں کی تعداد 6 لاکھ 34 ہزار سے تجاوز کر چکی جبکہ 4 ہزار کے قریب گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے،سال 2025 میں ایک لاکھ گھروں کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔اس سلسلے میں اخوت سمیت دیگر مائیکرو فنانس اداروں کودفاتر اور عملے میں اضافہ کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ عوامی سہولت کیلئے محلہ، تحصیل اور ضلعی سطح پر آگاہی و رہنمائی مراکز قائم کئے جائیں گے۔وزیر ہائوسنگ بلال یاسین نے کہا کہ درخواستوں کی سکریننگ کا عمل تیزکیاجائے ،گھروں کی تعمیر کیلئے غریب و مستحق افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔