اپنی چھت، محفوظ چھت پروگرام کا آغاز شہریوں کو5لاکھ روپے تک بلاسود قرض دیا جائے گا مریم نواز

 اس پروگرام کے آغاز کے بعد پنجاب بھر میں کسی خاندان کے گھر کی چھت کمزور نہیں رہے گی جو اس کی خوشیاں چھین سکے
پہلے تجویز کردہ 14 ہزار روپے ماہانہ قسط  کم کرکے 4 ہزار 700 سے 9 ہزار 300 روپے تک مقرر کی ہے: وزیراعلیٰ  کا خطاب
لاہور (سپیشل رپورٹر) حکومت پنجاب اپنی چھت، محفوظ چھت پروگرام کے تحت شہریوں کو اپنا گھر تعمیر کرنے کے لیے 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر انسان کا خواب ہوتا ہے کہ اس کا اپنا گھر ہو، کیونکہ اپنا گھر مکینوں کو تحفظ اور اطمینان کا احساس دلاتا ہے۔ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے لاہور کے علاقے کاہنہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین کے درد کو بخوبی سمجھتی ہیں اور اس المناک سانحے پر شدید غمزدہ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس پروگرام کے آغاز کے بعد پنجاب بھر میں کسی خاندان کے گھر کی چھت کمزور نہیں رہے گی کہ اس کی خوشیاں چھین سکے۔ مریم نواز شریف نے بتایا کہ حکومت پنجاب اپنی چھت، محفوظ چھت پروگرام کے تحت شہریوں کو 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کر رہی ہے۔ان کے مطابق یہ قرض 9 سال کی مدت کے لیے دیا جائے گا تاکہ کم آمدنی والے خاندان آسان شرائط پر اپنے گھر کا خواب پورا کر سکیں‘انہوں نے کہا  منصوبے کے تحت کم آمدن والے شہری اپنے گھروں کی کمزور اور خستہ حال چھتوں کو محفوظ اور مضبوط بنانے کے لیے پانچ لاکھ روپے تک بلاسود قرض حاصل کر سکیں گے، جبکہ اضافی کمرے یا دوسری منزل کی تعمیر کے لیے دس لاکھ روپے تک بلاسود قرض بھی فراہم کیا جائے گا۔انہوںنے منصوبے کی ماہانہ قسط میں نمایاں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تجویز کردہ 14 ہزار روپے ماہانہ قسط کو کم کرکے تقریباً 4 ہزار 700 سے 9 ہزار 300 روپے تک مقرر کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ لاکھ روپے کے قرض کی واپسی نو برس میں کی جائے گی اور قرض کی ادائیگی شروع ہونے سے قبل تین ماہ کا گریس پیریڈ بھی دیا جائے گا، جبکہ چوتھے ماہ سے قسط وصول کی جائے گی