اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی امیدوار مشیل باشلیٹ کی اہم ملاقات

اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی امیدوار مشیل باشلیٹ کی اہم ملاقات

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار مشیل باشلیٹ نے ملاقات کی، جس میں عالمی امن، اقوام متحدہ کے کردار اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد، اصولوں، بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کے احترام کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو ترقی پذیر ممالک کی ضروریات کے مطابق زیادہ مؤثر، شفاف اور جوابدہ کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ عالمی چیلنجز سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پائیدار عالمی امن کے لیے بین الاقوامی تنازعات کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے تنازعات بھی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیے جانے چاہییں۔

ترجمان کے مطابق مشیل باشلیٹ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر بین الاقوامی امور، کثیرالجہتی تعاون اور اقوام متحدہ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔