چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دو روزہ سرکاری دورۂ ترکیہ کے دوران دارالحکومت انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات کی۔
ترک ایوانِ صدر کے مطابق یہ ملاقات انقرہ ایئرپورٹ پر اس وقت ہوئی جب صدر اردوان قطر کے سرکاری دورے پر روانہ ہونے والے تھے۔ ملاقات بند کمرے میں ہوئی، جس میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائر اکتاراولو اور قومی انٹیلی جنس ادارے (MIT) کے سربراہ ابراہیم قالن بھی شریک تھے۔سرکاری سطح پر ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم سفارتی اور دفاعی حلقوں کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک۔ترکیہ دفاعی تعاون، دفاعی صنعت میں اشتراک، علاقائی سلامتی، مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا۔یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعلقات مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔ دونوں ممالک مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی پیداوار، ڈرون ٹیکنالوجی، بحری منصوبوں اور عسکری تربیت سمیت متعدد شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس سے ایک روز قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائر اکتاراولو سے بھی ملاقات کی تھی، جہاں انہیں ترکیہ کی مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے فوجی روابط، دفاعی تعاون اور پیشہ ورانہ اشتراک کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔دفاعی مبصرین کے مطابق صدر اردوان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی مضبوطی اور خطے میں امن، استحکام اور دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔