شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس: پاکستان، روس، چین، ایران کے وفود اگلے ہفتے ایک ساتھ ہوں گے

شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس: پاکستان، روس، چین، ایران کے وفود اگلے ہفتے ایک ساتھ ہوں گے

خطے میں بدلتی ہوئی جغرافیائی اور سفارتی صورتحال کے تناظر میں پاکستان، چین، روس اور ایران کے وزرائے خارجہ آئندہ ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورۂ جمہوریہ کرغیز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ وہ آئندہ ہفتے کرغیز دارالحکومت بشکیک جائیں گے، جہاں 24 جولائی کو منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے موقع پر اسحاق ڈار کی اپنے چینی، روسی اور ایرانی ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں علاقائی سلامتی، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کی بھی اجلاس میں شرکت کا امکان ہے۔ اجلاس کے دوران آئندہ ہونے والے ایس سی او سربراہی اجلاس کا ایجنڈا بھی زیر غور آئے گا اور اس کی منظوری دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ایس سی او سربراہی اجلاس اگلے ماہ کے اختتام پر بشکیک میں منعقد ہوگا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت متوقع ہے، جبکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کی شرکت کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔اجلاس کے اختتام پر یکم ستمبر کو مشترکہ اعلامیہ جاری کیے جانے کی توقع ہے، جس میں علاقائی تعاون، سلامتی اور دیگر اہم امور سے متعلق مشترکہ مؤقف پیش کیا جائے گا۔