امریکا کے شہر نیو یارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے معروف گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور امریکی فٹبال اسٹار ٹریوس کیلسی کی شادی کی تقریب کی سیکیورٹی پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئر نیویارک نے بتایا کہ ٹیلر سوئفٹ نے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ہونے والی شادی کی تقریبات کے لیے 1 لاکھ 60 ہزار ڈالر سے زائد رقم ادا کی۔انہوں نے کہا کہ یہ رقم تقریب کے پرمٹ اور پولیس کی اضافی خدمات کی مد میں دی گئی، جس کے باعث شہر کے بجٹ پر کسی قسم کا اضافی مالی بوجھ نہیں پڑا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی شادی کی تقریب انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مقام کے اطراف کی سڑکیں بند کی گئیں جبکہ پولیس کی بڑی تعداد تعینات کی گئی تاکہ سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔حکام کے مطابق خصوصی تقریبات کے لیے اضافی پولیس خدمات کے اخراجات عام طور پر منتظمین کی جانب سے ادا کیے جاتے ہیں، تاکہ عوامی وسائل پر اضافی دباؤ نہ آئے۔