ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی شادی کی چہ مگوئیاں تیز، ممکنہ تاریخ بھی زیرِ گردش

ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی شادی کی چہ مگوئیاں تیز، ممکنہ تاریخ بھی زیرِ گردش

امریکی پاپ سپر اسٹار ٹیلر سوئفٹ اور این ایف ایل اسٹار  ٹریوس کیلس کی شادی سے متعلق قیاس آرائیاں ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہیں، تاہم تاحال دونوں شخصیات یا ان کی ٹیم کی جانب سے شادی کی تاریخ یا مقام کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

حالیہ دنوں میں مختلف امریکی میڈیا رپورٹس، سوشل میڈیا قیاس آرائیوں اور چند عوامی بیانات نے اس ہائی پروفائل جوڑی کی ممکنہ شادی کو ایک بار پھر خبروں کا موضوع بنا دیا ہے۔تازہ رپورٹس کے مطابق شادی کی چہ مگوئیوں کو نئی ہوا اس وقت ملی جب جارج کٹل نے ٹائٹ اینڈ یونیورسٹی (TEU) ایونٹ کے دوران ٹیلر سوئفٹ کی موجودگی پر خوشگوار انداز میں تبصرہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے ٹیلر کی خوش اخلاقی اور شرکاء کے ساتھ گھلنے ملنے کے انداز کو سراہا اور یہ بھی اشارہ دیا کہ وہ شادی سے پہلے کے مصروف دنوں کے باوجود وقت نکال کر ایونٹ میں شریک ہوئیں۔ اسی تناظر میں بعض امریکی شوبز میڈیا آؤٹ لیٹس نے یہ تاثر دیا کہ جوڑا اپنی شادی کے قریب پہنچ چکا ہے، لیکن ان رپورٹس میں بھی کوئی باضابطہ تاریخ یا تصدیق موجود نہیں۔شادی کی افواہوں کو مزید تقویت ایک اور غیر متوقع موقع پر ملی، جب نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے 2026 فیفا ورلڈ کپ سے متعلق سکیورٹی تیاریوں پر بات کرتے ہوئے شہر میں ہونے والے بڑے ایونٹس کا ذکر کیا اور اسی سلسلے میں “ٹیلر سوئفٹ کی شادی” کا حوالہ دے دیا۔ اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر فوری طور پر یہ بحث چھڑ گئی کہ آیا میئر نے غیر ارادی طور پر کسی خفیہ منصوبے کی طرف اشارہ کر دیا ہے یا یہ محض ایک عمومی جملہ تھا۔ امریکی تفریحی میڈیا کے مطابق اسی بیان کے بعد 3 جولائی 2026 اور میڈیسن اسکوائر گارڈن کو ممکنہ تاریخ اور مقام کے طور پر زیادہ شدت سے زیرِ بحث لایا جانے لگا۔

تاہم دوسری جانب متعدد رپورٹس ان دعوؤں کو مکمل طور پر مصدقہ نہیں مانتیں۔ اس سے قبل جون 2026 میں یہ افواہ بھی گردش میں رہی کہ جوڑا 13 جون کو روڈ آئی لینڈ میں شادی کرنے جا رہا ہے، مگر بعد میں یہ دعویٰ کمزور پڑ گیا۔ ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلس اسی روز نیویارک میں عوامی طور پر نظر آئے، جس کے بعد 13 جون والی تاریخ سے متعلق قیاس آرائیاں بڑی حد تک دم توڑ گئیں۔ ایک معروف ویڈنگ پلانر نے بھی روڈ آئی لینڈ کے مبینہ مقام سے متعلق خبروں کی تردید کی تھی۔رپورٹس کے مطابق اس وقت سب سے زیادہ گردش کرنے والی تھیوری یہی ہے کہ دونوں کی شادی یا اس سے جڑی کوئی بڑی تقریب جولائی کے آغاز میں نیویارک میں ہو سکتی ہے، تاہم امریکی میڈیا میں بھی اس معاملے پر یکساں مؤقف موجود نہیں۔ کچھ رپورٹس میڈیسن اسکوائر گارڈن کو ممکنہ مقام قرار دیتی ہیں، جبکہ بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی تقریب ہوتی بھی ہے تو ممکن ہے اصل نکاح یا نجی تقریب الگ اور محدود پیمانے پر ہو، جبکہ بڑی تقریب بعد میں رکھی جائے۔ اس لیے فی الحال دستیاب معلومات کو حتمی خبر کے بجائے مضبوط قیاس آرائی قرار دینا زیادہ درست ہوگا۔

یاد رہے کہ ٹیلر سوئفٹ اور  ٹریوس کیلس نے اگست 2025 میں منگنی کی تھی، جس کے بعد سے ان کی شادی سے متعلق افواہیں مسلسل سامنے آتی رہی ہیں۔ مداح اب بھی اس ہائی پروفائل جوڑی کی جانب سے کسی باضابطہ اعلان کے منتظر ہیں، کیونکہ اب تک سامنے آنے والی تمام تفصیلات یا تو میڈیا رپورٹس، غیر رسمی اشاروں یا سوشل میڈیا چہ مگوئیوں پر مبنی ہیں۔