ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی شادی کی ممکنہ تاریخ سامنے آ گئی

ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی شادی کی ممکنہ تاریخ سامنے آ گئی

عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور این ایف ایل اسٹار ٹریوس کیلسی کی متوقع شادی سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جن کے مطابق یہ جوڑا 3 جولائی کو نیویارک سٹی میں شادی کے بندھن میں بندھ سکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڑے کی جانب سے دعوت نامے بھی بھیجے جا چکے ہیں، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ شادی کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ابتدائی طور پر یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ دونوں روڈ آئی لینڈ میں شادی کریں گے، جہاں ٹیلر سوئفٹ کی ایک بڑی پراپرٹی بھی موجود ہے، تاہم بعد ازاں زیادہ مہمانوں کی گنجائش کے باعث نیویارک کو حتمی مقام کے طور پر منتخب کیا گیا۔ذرائع کے مطابق جوڑا ایک بڑے اور خصوصی وینیو پر تقریب منعقد کرنے کی تیاری کر رہا ہے تاکہ خاندان، قریبی دوستوں اور مشہور شخصیات کو مدعو کیا جا سکے۔ نیویارک اس نوعیت کی بڑی تقریبات کے لیے پہلے بھی عالمی شخصیات کا مرکز رہا ہے۔

یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ 4 جولائی یعنی امریکا کے یومِ آزادی کی تاریخ ٹیلر سوئفٹ کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے، جبکہ اس سال امریکا اپنی 250ویں سالگرہ بھی منا رہا ہے، جس سے اس تقریب کی ممکنہ تاریخ کو مزید اہمیت مل گئی ہے۔یاد رہے کہ ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے 26 اگست 2025 کو انسٹاگرام پر اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد سے مداح ان کی شادی کے اعلان کے منتظر ہیں۔