امریکی پاپ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور فٹبال اسٹار ٹریوس کیلسی کی شادی سے متعلق خبریں اور قیاس آرائیاں عالمی میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر دونوں کی جانب سے شادی کے لیے امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کو ممکنہ مقام کے طور پر زیرِ غور لایا گیا تھا، تاہم بعد ازاں مبینہ طور پر مقام کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد اس منصوبے میں تبدیلی کر دی گئی۔اب مختلف رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شادی کے لیے نیویارک سٹی کے معروف میڈیسن اسکوائر گارڈن کو ممکنہ مقام کے طور پر زیرِ غور لایا جا رہا ہے۔ ان افواہوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب 2 سے 4 جولائی کے دوران اس مقام پر ایک بڑے ایونٹ کے لیے اجازت نامے کی درخواست سامنے آئی، جبکہ قریبی سڑکوں کی بندش سے متعلق منصوبہ بندی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔مزید رپورٹس کے مطابق تقریب سے قبل تقریباً 100 مہمانوں کے لیے ایک ریہرسل ڈنر کے انعقاد کی بھی بات کی جا رہی ہے، جس میں قریبی اہلِ خانہ اور دوستوں کی شرکت متوقع ہے۔ شادی اور اس سے متعلق تقریبات کی تفصیلات فی الحال غیر مصدقہ ہیں اور سوشل میڈیا پر مختلف اندازوں اور قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ریہرسل ڈنر کیا ہوتا ہے؟
ریہرسل ڈنر مغربی معاشروں، خصوصاً امریکا اور یورپ میں شادی سے ایک رات قبل منعقد ہونے والی ایک روایتی تقریب ہے۔ اس میں دولہا، دلہن اور ان کے قریبی اہلِ خانہ و دوست شادی کی مکمل تقریب کی مشق کرتے ہیں تاکہ اصل دن تمام امور بخوبی انجام دیے جا سکیں۔اس ریہرسل کے بعد عام طور پر ایک عشائیہ (ڈنر) کا اہتمام کیا جاتا ہے جسے ریہرسل ڈنر کہا جاتا ہے۔ اس میں صرف قریبی افراد شریک ہوتے ہیں اور یہ تقریب شادی کے رسمی مہمانوں کے لیے نہیں ہوتی۔