معرکۂ حق میں مسلح افواج کی فتح پر قوم جشن منا رہی ہے:شرجیل میمن

معرکۂ حق میں مسلح افواج کی فتح پر قوم جشن منا رہی ہے:شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں پاکستانی مسلح افواج کی بھارت پر شاندار فتح کی خوشی میں آج پوری قوم جشن منا رہی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کے سلسلے میں کل حیدرآباد شہر میں حکومتِ سندھ اور عارف حبیب گروپ کے تعاون سے ایک شاندار اور تاریخی پروگرام منعقد ہوا، جس کی کامیابی پر محکمۂ ثقافت، عارف حبیب گروپ اور آرٹس کونسل کو مبارکباد پیش کی جاتی ہے۔شرجیل میمن نے بتایا کہ آج ایکسپو سینٹر کراچی میں پاکستان کا سب سے بڑا مشاعرہ منعقد کیا جا رہا ہے، جبکہ کل سکھر میں حکومتِ سندھ کی جانب سے ایک اور تاریخی تقریب کا اہتمام ہو گا۔ اس کے علاوہ 13 اگست کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جشنِ آزادی کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستانی قوم جشنِ آزادی کے موقع پر طویل تقریبات کا انعقاد کر رہی ہے، اور عوام اپنے شہداء اور مسلح افواج کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ملی جوش و جذبے کے ساتھ خوشیاں منا رہے ہیں۔