بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہیگا، مرطوب ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل
ضلع دیامر میں سیلابی ریلوں سے تباہی، مسافر ،مال گاڑیاں اور سیاح پھنس گئے
چلاس،کراچی،اسلام آباد (خصوصی رپورٹ ،بیورو رپورٹ)محکمہ موسمیات نے لاہورسمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کی پیشگوئی کر دی تاہم بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔دوسری طرف گلگت بلتستان کے ضلع دیامرمیں طغیانی اورسیلابی ریلوں سے مختلف علاقوں میں تباہی ، تھورمیں موسلادھار بارش کے باعث 6 سے زائد مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ لاہور،راولپنڈی، مری ، گوجرانوالہ، شیخوپورہ ، سیالکوٹ ،ڈیرہ غازی خان ، ملتان ، چترال، سوات، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد ، ڑوب ، قلات، شیرانی، کوہلو ، خضدار ،تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، سکھر اورجیکب آباد سمیت ملک کے دیگر مختلف علاقوں میں آج کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور دیگر بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں ۔ کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر آئندہ 3 روز کے دوران ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔ ادھر گلگت بلتستان کے ضلع دیامرمیں سیلا بی ریلوں کے باعث متعدد مکانات، زرعی زمینیں، فصلیں اور درخت بہہ گئے ، تھورکی رابطہ سڑک متعدد مقامات پر بندہو گئی۔ نجی کمپنی کے 13 ڈمپر، ایک ایکسویٹر، کریش پلانٹ اور 2 واٹرٹینکر سیلاب میں بہہ گئے۔رپورٹ کے مطابق کھنبری میں زرعی زمینوں، فصلوں، درختوں اور رابطہ سڑک کو شدید نقصان پہنچا، بونرداس میں شاہراہ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوگئی، مسافر، مال بردار گاڑیاں اور سیاح پھنس گئے، متاثرہ علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا اور رات گئے سے بجلی معطل ہے۔نیاٹ میں شدید سیلاب سے رابطہ سڑک متعدد مقامات پر بند ہے ، متاثرین نے حکومت سے فوری امداد، بجلی بحال اور سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔