شاہین شاہ آفریدی پہلی بار لنکا پریمیئر لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے

شاہین شاہ آفریدی پہلی بار لنکا پریمیئر لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے

پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی پہلی مرتبہ لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں شرکت کریں گے، جہاں وہ کینڈی رائلز کی نمائندگی کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاہین شاہ آفریدی کو ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے این او سی جاری کر دیا ہے، جس کے بعد ان کی ایل پی ایل میں شرکت کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔شاہین شاہ آفریدی کو حال ہی میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے سلیکٹر اور ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کو یہ فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ وہ کس فارمیٹ پر زیادہ توجہ دینا چاہتا ہے۔واضح رہے کہ ٹیسٹ سیریز اور لنکا پریمیئر لیگ کی تاریخیں ایک دوسرے سے متصادم ہیں، جبکہ شاہین اس وقت نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری وائٹ بال کیمپ کا بھی حصہ ہیں۔ انہیں بنگلادیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی موقع نہیں دیا گیا تھا۔

گزشتہ سال قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پاکستان کو 1-2 سے کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا اور سات وکٹوں کے ساتھ مشترکہ طور پر نمایاں وکٹ ٹیکر رہے۔لنکا پریمیئر لیگ کا آغاز 17 جولائی سے ہوگا، جبکہ کینڈی رائلز اپنی مہم کا آغاز 18 جولائی کو دمبولا سِکسرز کے خلاف میچ سے کرے گی۔