وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے ہیڈکوارٹر میں ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی، سائبر کرائم اور سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے بعد ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا، پاکستان کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون کو سراہتا ہے اور خطے میں امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون جاری رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران دہشت گردی، دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام، سائبر کرائم کی تحقیقات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے، خصوصی تربیت، وسائل کی فراہمی اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔کاش پٹیل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور دونوں ممالک مستقبل میں انسدادِ دہشت گردی، سائبر سکیورٹی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرامید ہیں۔ملاقات کو پاکستان اور امریکا کے درمیان سکیورٹی تعاون کے فروغ اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔