محسن نقوی سے بیجنگ پولیس وفد کی اہم ملاقات، تربیتی و تکنیکی تعاون پر اہم فیصلے

محسن نقوی سے بیجنگ پولیس وفد کی اہم ملاقات، تربیتی و تکنیکی تعاون پر اہم فیصلے

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس کے درمیان باہمی اشتراک، تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیجنگ پولیس کے وفد کی سربراہی چین کی وزارتِ پبلک سیکیورٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل گاؤ جیانزن نے کی۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران کو جدید پولیسنگ، آرٹیفشل انٹیلیجنس، امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور اینٹی رائٹ حکمتِ عملی سے متعلق تربیت کے لیے بیجنگ بھیجا جائے گا۔محسن نقوی نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیجنگ پولیس کی مہارت اور جدید ٹیکنالوجی اسلام آباد پولیس کی استعداد کار بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ "دہشت گردی، منشیات، انسانی اسمگلنگ اور منظم جرائم سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ معلومات کا بروقت تبادلہ انتہائی ضروری ہے"۔

بیجنگ پولیس نے اسلام آباد پولیس کو تربیت فراہم کرنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی پولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی شریک تھے۔وفاقی وزیر داخلہ نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی پولیس فورسز مستقبل میں بھی ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر خطے میں امن و استحکام کو فروغ دیں گی۔