بلوچستان میں آپریشن شعبان‘بھارتی حمایت یافتہ8 دہشت گرد ہلاک

 پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں فضائی اور زمینی کارروائیاں کیں‘ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 79 ہوگئی ‘صدر‘وزیراعظم‘وزیرداخلہ کا فورسز کوخراج تحسین
راولپنڈی(آئی این پی)بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج، فرنٹیئر کور(ایف سی) اور بلوچستان پولیس کا مشترکہ آپریشن شعبان بھرپور انداز میں جاری ہے۔ 2 کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے مزید 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے، جس کے بعد ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 79 ہوگئی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں جاری مشترکہ آپریشن شعبان کے دوران پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں فضائی اور زمینی کارروائیاں کیں۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو ہوائی اور زمینی کارروائیوں میں نشانہ بنایا گیا۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف مختلف علاقوں میں کی جانے والی 2 کارروائیوں کے دوران مزید 8 دہشت گر مارے گئے۔ پہلی کارروائی کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جو مختلف دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے جب کہ دوسری تازہ کارروائی کے دوران مزید 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔