چندہ، زکوۃ، خیرات پر مال کمانے والوں کو کیا علم شہادت کیا نعمت ہے؟ترجمان استحکام پارٹی
مولانا فضل الرحمن 24 گھنٹوں کے اندر اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگیں ورنہ قانونی کارروائی کرینگے
راولپنڈی (آن لائن) استحکامِ پاکستان پارٹی کے ترجمان اور سینئر سیاستدان فیاض الحسن چوہان نے فوج اور پاکستان کے شہداء پر طنز اور استہزا کرنے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی دی ہے اور کہا ہے مولانا فضل الرحمن کی طرف سے پاک فوج کے جوانوں اور افسران پر تنخواہ کے عوض جانیں قربان کرنے کا الزام انتہائی نامناسب ہے‘انہوں نے کہا چندہ، زکوۃ، خیرات پر مال کمانے والوں کو کیا علم کہ شہادت کیا نعمت ہے؟ انہوں نے کہا کہ بی ایل اے، اخترمینگل، انڈین راء اور اسرائیلی موساد کے پاکستان پر حملے کے وقت مولانا فضل الرحمن کا پنجاب میں آکر فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کرنا ناقابلِ فہم ہے۔انہوں نے مولانا فضل الرحمن سے مطالبہ کیا وہ 24 گھنٹوں کے اندر اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگیں بصورتِ دیگر میں 26 کروڑ پاکستانیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کے خلاف ایف آئی آر کی درخواست اور قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہوں