آپریشن سندور کے بعد سے پاکستان کی نیند اڑی ہوئی ہے مودی کی ہرزہ سرائی

 دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کھنڈر بنا دیا گیا،بھارت کی ندیوں کا پانی دشمن کے کھیت سینچ رہا ہے ،سندھ طاس معاہدہ غیر منصفانہ اور یکطرفہ تھا
بھارت نے طے کر لیا     جوہری دھمکیوں کے آگے جھکنے والا نہیں‘   پھر   پہلگام جیسی حرکت کی تو فوج اس کا اپنے طریقے سے  جواب دے :یوم آزادی پر خطاب
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے  کہا ہے  آپریشن سندور میں  ہماری فوج نے وہ کر دکھایا جو عشروں سے نہیں ہوا تھا، دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کھنڈر بنا دیا گیا،پاکستان کی نیند اڑی ہوئی ہے ،بھارت کی ندیوں کا پانی دشمن کے کھیت سینچ رہا ہے ،بھارت نے طے کر لیا  ہے جوہری دھمکیوں کے آگے جھکنے والا نہیں ہے ،اگر دشمن نے پھر   پہلگام جیسی حرکت کی تو فوج اس کا اپنے طریقے سے منہ توڑ جواب دے گی ۔ان خیا لات اظہار  انہوں نے بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر  لال قلعے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی  نے کہا  سرحدی علاقوں میں ڈیمو گرافی بدل رہی ہے۔ ہم اپنے ملک کو دراندازوں کے حوالے نہیں کر سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ آج مجھے لال قلعہ کی فصیل سے آپریشن سندور کے بہادر سپاہیوں کو سلام کرنے کا موقع ملا ہے۔ ہمارے بہادر سپاہیوں نے دشمنوں کو ان کے تصور سے بھی باہر کی سزا دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں نے دشمنوں کو ان کی سوچ سے باہر کی سزا دی اور جس طرح سے دہشت گرد سرحد پار سے آئے اور پہلگام میں قتل عام کیا۔ لوگوں کو ان کا مذہب پوچھنے پر مارا گیا۔ شوہر کو بیوی کے سامنے گولی مار کر ہلاک کیا گیا، باپ کو بچوں کے سامنے مارا گیا۔انھوں نے کہا کہ پورا ہندوستان غصے سے بھرا ہوا ہے۔ اس قسم کے قتل عام سے پوری دنیا حیران ہے۔ آپریشن سندور اسی غصے کا اظہار ہے۔وزیر اعظم مودی کا کہنا تھا کہ درانداز قبائلیوں کو الجھا رہے ہیں۔ وہ قبائلیوں کی روزی روٹی چھین رہے ہیں۔ میں ملک کو اس چیلنج سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔ بھارتی وزیر اعظم کا  کہنا تھا کہ ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے ہم اب سمندر کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ہم اپنے سمندروں کے اندر تیل اور گیس کے ذخائر کو تلاش کرنے کے لیے مشن موڈ میں کام کرنا چاہتے ہیں