قاسم علی
کسی بھی صوبے یا ملک کی ترقی صرف بڑے منصوبوں سے نہیں بلکہ مؤثر انتظامی نظام، شفاف حکمرانی اور عوامی مسائل کے بروقت حل سے وابستہ ہوتی ہے۔ پنجاب میں حالیہ عرصے کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی سربراہی میں انتظامی اصلاحات، گڈ گورننس اور سرکاری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے، جنہیں سرکاری حلقے ایک نئی انتظامی سوچ قرار دیتے ہیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد صوبے میں سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، عوامی خدمات کی فراہمی میں تیزی لانے اور بیوروکریسی میں جوابدہی کے نظام کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی۔ مختلف اضلاع کے مسلسل دورے، اچانک سرکاری دفاتر کے معائنے، عوامی شکایات کے فوری ازالے اور ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی نے انتظامی مشینری کو زیادہ متحرک بنایا۔
صوبے بھر میں سرکاری دفاتر کی ڈیجیٹلائزیشن، فائل ورک میں شفافیت، ای آفس سسٹم کے فروغ، صفائی، شجرکاری، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مانیٹرنگ کے مؤثر نظام نے گڈ گورننس کو نئی سمت دی۔ کئی ایسے منصوبے جن پر برسوں سے کام سست روی کا شکار تھا، انہیں تیز رفتار انداز میں مکمل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔
سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے بھی اہم فیصلے سامنے آئے۔ مختلف شہروں میں سرکاری ملازمین کی رہائشی کالونیوں اور رہائش گاہوں کی تعمیر و بحالی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دفاتر کے ماحول کو بہتر بنانے جیسے اقدامات نہ صرف ملازمین کے حوصلے بلند کرنے کا باعث بنے بلکہ سرکاری کارکردگی میں بھی بہتری آئی۔
پنجاب میں انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم، ماحولیات، ریونیو، امن و امان اور شہری سہولیات کے شعبوں میں مختلف منصوبوں کی مؤثر نگرانی کے لیے
جدید مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا گیا۔ اس کے نتیجے میں کئی ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کی رفتار میں اضافہ ہوا اور عوامی وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی۔
یہ حقیقت بھی اپنی جگہ اہم ہے کہ کسی بھی حکومت کی کامیابی صرف اعلانات سے نہیں بلکہ ان کے عملی نتائج سے ناپی جاتی ہے۔ اگر گڈ گورننس کے یہ اقدامات مستقل مزاجی سے جاری رہے، شفافیت اور احتساب کے اصول مزید مضبوط کیے گئے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح رہی تو پنجاب کا انتظامی نظام دیگر صوبوں کے لیے بھی ایک مثال بن سکتا ہے۔
بلاشبہ ایک مضبوط، فعال اور جوابدہ بیوروکریسی ہی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے۔ انتظامی اصلاحات کا تسلسل، میرٹ کی بالادستی، عوام دوست پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہی وہ عوامل ہیں جو پنجاب کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں