پی ٹی آئی کی بانی کی رہائی کیلئے کراچی سمیت سندھ بھر میں ریلیاں

ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ختم ،عدلیہ کو غلام بنادیاگیا ،حلیم عادل
بانی کی رہائی کیلئے آخری حد تک جائینگے،حیدر آباد میں ریلی کے شرکا سے خطاب
کراچی( خصوصی رپورٹ)تحریک انصاف سندھ کی جانب سے بانی کی رہائی کے مطالبے پر صوبے بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔حیدر آباد میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی قیادت میں انصاف ہا ئوس سے ریلی نکالی گئی، جو مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے حیدر چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں پی ٹی آئی حیدر آباد ڈویڑن کے صدر ایڈووکیٹ فیصل مغل دیگر رہنماں و کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ادھر کراچی میں پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری ارسلان خالد، جمال صدیقی اور دیگر رہنما ئوں کی قیادت میں گرومندر سے جناح ٹا ئون تک ریلی نکالی گئی۔ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ختم ہوچکی ہے،26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کو غلام بنادیا گیا ہے، جس کے باعث عمران خان اور پی ٹی آئی رہنما ئوں کے کیسز میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے جا رہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر عدلیہ آزاد ہوتی تو انصاف کا یوں جنازہ نہ نکلتا۔القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو سزا دی گئی جبکہ اس کے اصل مستفید کنندگان نواز شریف اور زرداری خاندان ہیں۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم عمران خان کی رہائی کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔