دریائے سندھ میں طغیانی کاخطرہ

تربیلاکے سپل وے کھل گئے ،کوہِ سلیمان سے سیلابی پانی داخل ہونے پرڈیرہ غازی خان میں کچھی کینال ٹوٹ گئی 
 لاہور،اسلام آباد ،صوابی (خصوصی رپورٹ)بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ گڈو بیراج اور سکھر بیراج پر بھی پانی کی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے،تربیلا ڈیم کے سپِل ویز کھول د یئے گئے ہیں،جس کے باعث دریائے سندھ میں طغیانی کاخطرہ ہے۔ دوسری جانب، کوہِ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث راجن پور کی رود کوہیوں میں طغیانی آ گئی ، جبکہ سیلابی ریلا ڈیرہ غازی خان میں داخل ہونے سے کچھی کینال میں شگاف پڑ گیا ہے، جس سے نشیبی علاقوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ دریں اثنا پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش نے جل تھل کر دیا، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ گلگت میں کلاوڈ برسٹ کے بعد آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 30 مکانات اور فصلیں متاثر ہوئیں،خیبرپختونخوا کے علاقے ہنگو میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ادھر این ڈی ایم اے نے 17 جولائی تک شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔