موسمیاتی ماہرین نے پنجاب اور اسلام آباد میں 6 سے 9 اپریل کے دوران بارشوں کی پیشگوئی ،برف باری کابھی خدشہ ہے
لاہور(آئی این پی )مغربی ہوائوں کا نیا سلسلہ 5 بلوچستان کے مغربی اضلاع میں داخل ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے آج (پیر سے ) ملک کے مختلف حصوں میں ایک بارپھر بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔موسمیاتی ماہرین نے پنجاب اور اسلام آباد میں 6 سے 9 اپریل کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جن میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور شیخوپورہ شامل ہیں۔مغربی ہوائوں کا نیا سلسلہ 5 اپریل کی شام بلوچستان کے مغربی اضلاع میں داخل ہوگا، جو 9 اپریل تک بالائی علاقوں میں اثر انداز رہنے کا امکان ہے۔بلوچستان کے علاقوں پنجگور، گوادر، پسنی، تربت، خضدار، قلات، کوئٹہ اور ژوب میں 5 سے 7 اپریل کے دوران بارش متوقع ہے، جبکہ بارکھان، لسبیلہ، کوہلو اور نصیر آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔سندھ کے علاقوں سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد اور شکارپور میں 6 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گلگت بلتستان کے اضلاع استور، اسکردو، گلگت، ہنزہ، نگر اور غذر میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے علاقوں باغ، راولاکوٹ اور وادی نیلم میں بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔صوبہ پنجاب کے ضلع میانوالی دریائے کرم میں طغیانی کے سبب سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ریسکیو1122 ذرائع کے مطابق تحصیل عیسی خیل کے علاقہ کنڈل چھرا والا میں دریائے کرم میں طغیانی کے باعث سیلابی صورتحال سے گھروں میں پانی داخل ہو گیا جس سے متاثرہ گھروں میں متعدد افراد محصور ہو گئے ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو1122کی ٹیموں نے محصور افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لئے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا، تاحال ٹیموں نے سیلابی علاقوں سے 157افراد کو ریسکیو کر کے دوسری جگہ پہنچایا ہے۔دوسری جانب آپریشن میں ریسکیو1122کے 60 ریسکیورز، 5 کشتیوں، ایک ریسکیو وہیکل، 5 ایمبولینسز حصہ لے رہے ہیں جب کہ آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کر رہے ہیں۔